بھٹکل 19/جون (ایس او نیوز) بھٹکل میں کورونا کے تین معاملات سمیت ضلع اُتر کنڑا میں پانچ کورونا کے معاملات آج جمعہ کو سامنے آئے ہیں۔ویسے تو سرکار کی جانب سے جاری کئے گئے ہیلتھ بلٹین میں اُترکنڑا میں کورونا کے صرف ایک کیس کی تصدیق کی گئی ہے مگر ذرائع سےپتہ چلا ہے کہ ضلع میں جملہ پانچ لوگوں میں کورونا پوزیٹو کی تصدیق ہوئی ہے جس میں ایک کمٹہ ، ایک ہلیال اور تین بھٹکل سے ہے۔
ہلیال سے موصولہ اطلاع کے مطابق مہاراشٹرا سے لوٹ کر آنے والے ایک 35 سالہ شخص کی رپورٹ کورونا پوزیٹو آئی ہے۔
بھٹکل میں جن تین لوگوں کی رپورٹ کی ذرائع نے جانکاری دی ہے، اُس میں دو لوگ مہاراشٹرا سے بھٹکل لوٹے ہیں جس میں ایک سرکاری طور پر ہوٹل کورنٹائن اور دوسرا ہوم کورنٹائن میں ہے، جبکہ تیسری ایک خاتون ہے جو دبئی سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے بھٹکل لوٹی ہے، وہ بھی سرکاری کورنٹائن میں ہی ہوٹل میں ہے۔
کون ہیں بھٹکل کے یہ تین لوگ:
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 8 جون کو مہاراشٹرا سے نیتراوتی ایکسپریس ٹرین کے ذریعے بھٹکل کے شرالی کے رہنے والے ایک 40 سالہ شخص کی رپورٹ پوزیٹو آئی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ اس کی پہلی رپورٹ کورونا نگیٹو آئی تھی، جس کی وجہ سے سرکاری رہائشی اسکول میں سات دن کورنٹائن مکمل کرنے کے بعد 15جون کو اس کے تھوک کے سیمپل دوسری مرتبہ جانچ کے لئے روانہ کئے گئے تھے اور ہوم کورنٹائن کرنے کی ہدایت کے ساتھ گھر روانہ کیا گیا تھا، آج اس کی رپورٹ پوزیٹو آئی ہے۔ اس کی رپورٹ پوزیٹو آنے کے ساتھ ہی شرالی کے عوام میں سخت خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مگر حکام نے بتایا ہے کہ عوام کو خوف کھانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ متعلقہ شخص کورنٹائن میں ہی تھا اور کسی کے رابطے میں نہیں آیا تھا۔
بھٹکل ہیبلے پنچایت حدود کے جامعہ آباد روڈ کے رہنے والے 22 سالہ نوجوان کی رپورٹ بھی آج کورونا پوزیٹو آئی ہے ذرائع سے بتایا کہ وہ مہاراشٹرا کے تھانے سے 15 جون کو بھٹکل لوٹا تھا اور وہ ابھی بھی سرکاری طور پر ایک پرائیویٹ ہوٹل میں کورنٹائن میں ہے۔
تیسرا معاملہ ایک خاتون کا ہے جس کی رپورٹ کورونا پوزیٹو آئی ہے، 36 سالہ یہ خاتون 13جون کو دبئی سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے مینگلور ہوتے ہوئے بھٹکل پہنچی تھی وہ تبھی سے سرکاری طور پر ایک پرائیویٹ ہوٹل کے کمرے میں کورنٹائن میں ہے۔
یاد رہے کہ کل جمعرات کو ہی دبئی سے لوٹنے والے جملہ 184میں سے 104 لوگوں کی رپورٹ کورونا نیگیٹو آئی تھی اور مزید کچھ لوگوں کی رپورٹس آنی باقی تھی۔ اب اس ایک خاتون کی رپورٹ پوزیٹو آنے پر دیگر لوگوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اُدھر محکمہ ہیلتھ کے حکام کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی خوف کھانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ دبئی سے آئے ہوئے سبھی لوگ کورنٹائن میں ہی ہیں اورہوٹل میں کورنٹائن لوگوں کو ابتدائی سات دنوں کے بعد ہوم کورنٹائن میں رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کو فکر کرنے کی ضرورت اس لئے بھی نہیں ہے کیونکہ دبئی سے لوٹنے والے تمام لوگوں کے دوسری مرتبہ بھی سیمپل لئے جائیں گے اور دوسری مرتبہ رپورٹ نیگیٹو آنے کے بعد ہی انہیں فٹ قرار دیا جائے گا اور گھر روانہ کیا جائے گا۔
شرالی میں گھر سیل ڈاون:
ذرائع نے بتایا کہ شرالی کے منّو ہونڈا کے رہنے والے ایک شخص کی رپورٹ کورونا پوزیٹو آنے کے بعد اُس کے مکان کو سیل ڈاون کیا جائے گا۔ متعلقہ شخص گھر کے اندر ہی کورنٹائن میں تھا اور وہ کسی بھی موقع پر گھر سے باہر نہیں آیا، اس وجہ سے صرف اس کے مکان کو ہی سیل ڈاون کیا جائے گا۔ جبکہ دیگر دو لوگ ہوٹل میں کورنٹائن میں تھے اور کورنٹائن کےدوران ہی ان کی رپورٹ پوزیٹو آئی ہے اس لئے اُن کے مکان کو سیل ڈاون نہیں کیا جائے گا۔
ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر بھرت نے بتایا کہ کورونا سے متاثرہ تینوں لوگوں کو پہلے سرکاری اسپتال لے جایا جائے گا اور اُن سے ٹراویل ہسٹری اور ملنے جلنے والوں کے تعلق سے جاننے کی کوشش کی جائے گی۔ پھر سنیچر کو تینوں کو کاروار کمس اسپتال روانہ کیا جائے گا۔